ٹیمپا، فلوریڈا — امریکی اور شراکتی فورسز نے 19 دسمبر کو شام میں کی گئی وسیع کارروائیوں کے تسلسل میں تقریباً 25 داعش جنگجوؤں کو ہلاک یا گرفتار کیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) اور شام بھر میں موجود شراکت داروں نے کم از کم سات داعش ارکان کو ہلاک کیا، جبکہ باقی کو 20 سے 29 دسمبر کے دوران مختلف مشنوں میں گرفتار کیا گیا۔
ان کارروائیوں کے نتیجے میں داعش کے چار اسلحہ ذخائر بھی تباہ کر دیے گئے۔
یہ کارروائیاں 19 دسمبر کو شروع کیے گئے آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک کے بعد انجام دی گئیں، جب امریکی اور اردنی فورسز نے 70 سے زائد اہداف پر 100 سے زیادہ درستگی سے چلنے والے ہتھیاروں سے حملے کیے۔
درجنوں لڑاکا طیاروں، اٹیک ہیلی کاپٹرز اور توپ خانے کی مدد سے کیے گئے اس بڑے حملے نے وسطی شام میں داعش کے ڈھانچے اور اسلحہ مراکز کو شدید نقصان پہنچایا۔
سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا:"ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم خطے کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں تاکہ داعش کے اُس خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے جو امریکی اور علاقائی سلامتی کے لیے لاحق ہے۔"
سنہ 2025 میں داعش نے امریکہ کے اندر کم از کم 11 حملوں کے منصوبوں کو ہوا دی۔ اس کے جواب میں امریکی اور شراکتی فورسز نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران شام میں ایسی کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں 300 سے زائد دہشت گرد گرفتار اور 20 سے زیادہ ہلاک کیے گئے۔
کوپر نے مزید کہا:"دہشت گرد گروہوں کا تعاقب جاری رکھنا، داعش کے نیٹ ورکس کا خاتمہ کرنا، اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر داعش کے دوبارہ اُبھار کو روکنا—یہ سب امریکہ، خطے اور پوری دنیا کو زیادہ محفوظ بناتا ہے۔"