An official website of the United States government
A .mil website belongs to an official U.S. Department of Defense organization in the United States.
A lock (lock ) or https:// means you’ve safely connected to the .mil website. Share sensitive information only on official, secure websites.

Urdu Press Releases

Urdu | Dec. 18, 2025

امریکی افواج شام میں داعش کے خلاف سخت کارروائیوں کے ذریعے وطن کا دفاع کر رہی ہیں

امریکی مرکزی کمانڈ (سینٹ کام)

ٹیمپا، فلوریڈا – امریکا اور اتحادی افواج نے جولائی سے اب تک شام میں دہشت گرد عناصر، بشمول داعش کے باقی ماندہ گروہوں کے خلاف تقریباً 80 آپریشنزکیے۔ ان کارروائیوں کا مقصد ان دہشت گرد عناصر کو ختم کرنا تھا جو امریکا اور بیرونِ ملک مفادات کے لیے براہِ راست خطرہ تھے۔

داعش نے گزشتہ سال امریکا میں کم از کم 11 حملوں کے منصوبوں کو ہوا دی۔ اس کے جواب میں امریکی سینٹرل کمانڈ کی کارروائیوں کے دوران گزشتہ چھ ماہ میں 119 دہشت گرد گرفتار اور 14 ہلاک ہوئے، جس کے نتیجے میں داعش کی دوبارہ منظم ہونے اور عالمی سطح پر دہشت گرد حملوں کی ترغیب دینے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کی افواج نے ستمبر میں شام میں داعش پر ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران اس گروہ کے سینئر رہنما عمر عبدالقادر کو، جو امریکا پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، ہلاک کر دیا۔

سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا: "ہم ان دہشت گردوں کے خلاف اپنی مسلسل جدوجہد میں ثابت قدم ہیں جو امریکیوں اور ہمارے بیرون ملک مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ شام میں آپریشنز اس لیے نہایت اہم ہیں تاکہ داعش دوبارہ منظم نہ ہو سکے اور بڑے خطرے کے طور پر ابھرنے سے روکی جا سکے۔ ہم دہشت گرد جہادیوں کو جہاں کہیں بھی چھپے ہوں تلاش کر کے ختم کریں گے۔"

گزشتہ ماہ  مشترکہ ٹاسک فورس کے تحت امریکی فوجی اہلکاراور شام کی وزارتِ داخلہ  نے  آپریشن انہیرنٹ ریزولو کے دوران جنوبی شام میں داعش کے ہتھیاروں کے ذخائر پر مشتمل 15 سے زائد مقامات کا سراغ لگایا اور انہیں تباہ کیا۔

اس مشترکہ کارروائی میں 130 سے زیادہ مارٹر اور راکٹ، متعدد رائفلیں، مشین گنز، اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور دھماکہ خیز مواد تباہ کیا گیا۔

کوپر نے مزید کہا: "اب ہمارے پاس داعش کے مخصوص خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے شامی حکومت کے ساتھ تعاون کی متعدد مثالیں موجود ہیں۔ یہ وہ ٹھوس سیکیورٹی فوائد ہیں جو ہم زمین پر شامی سرکاری افواج کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔"

جولائی میں صوبہ حلب کے الباب میں امریکی افواج نے ایک چھاپہ مار کارروائی کی جس کے نتیجے میں داعش کے سینئر رہنما ضياء زوبع مصلح الحردانی اور اس کے دو بالغ بیٹے، عبداللہ ضیاء الحردانی اور عبدالرحمن ضیاء زوبع الحردانی، جو داعش سے وابستہ تھے، ہلاک ہو گئے۔ یہ افراد امریکی افواج، اتحادی شراکت داروں اور شامی حکومت کے لیے خطرہ تھے۔

کوپر نے مزید کہا: "ان افراد کو ختم کرنے کے لیے ہماری افواج کی تعیناتی امریکا اور خطے کو محفوظ تر بناتی ہے۔ ہم اپنے شامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے تاکہ داعش کے نیٹ ورکس کا سراغ لگایا جا سکے اور ان کی دوبارہ ابھرنے کی کوششوں کو روکا جا سکے۔"