ٹیمپا، فلوریڈا — یو ایس سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے یکم جون کو فورٹ ہیریسن، مونٹانا میں 30ویں علاقائی تعاون مشق کا آغاز کیا۔
علاقائی تعاون مشق، جو وسطی اور جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ سینٹکام کی سب سے بڑی تربیتی سرگرمی ہے، 1996 میں شروع ہوئی تھی اور اس کا مقصد افواج کے درمیان باہمی اعتماد، آپریشنل ہم آہنگی اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے مشترکہ تربیتی مشقوں کا تسلسل خطے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے درمیان دیرینہ اعتماد اور مضبوط تعاون پر مبنی تعلقات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی افواج کو مختلف نوعیت کے ممکنہ چیلنجز کے لیے تیار رکھنے میں مشترکہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
آئندہ دو ہفتوں کے دوران 10 ممالک کے 350 سے زائد فوجی اہلکار، 10 امریکی نیشنل گارڈ یونٹس کے ساتھ، ان مربوط تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد روایتی اور غیر روایتی سیکیورٹی خطرات کے خلاف ٹیکٹیکل ردِعمل کو بہتر بنانا ہے۔
گیارہ روزہ تربیتی مشقوں میں کمانڈ پوسٹ ڈرلز، فیلڈ ٹریننگ اور سائبر جنگ کے منظرنامے شامل ہیں، جو شرکاء کو ایک مربوط تربیتی ماحول میں ہم آہنگی اور مشترکہ تیاری کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
ایڈمرل کوپر نے مزید کہا کہ باہمی ماحول میں تربیت اور مل کر کام کرنے سے نہ صرف پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ایک دوسرے کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔